جامع مسجد دارالسلام تھل وادی کمراٹ
جامع مسجد دارالسلام تھل ...
جامع مسجد دارالسلام دیر کوہستان کی سب سے آخری گاوں تھل میں واقع ہے۔ دریائے پنجکوڑہ کے کنارے واقع اس مسجد کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہ دیر کوہستان کی سب سے مشہور اور قدیم مسجد ہے۔ مسجد کے دو حصے ہیں، بالائی منزل جستی چادروں سے 1999ء میں تعمیر کی گئی ہے۔جب کہ زیریں حصہ 1865ء میں تعمیر کیاگیا ہے ـ 1953 میں اس مسجد میں ہونے والے آتشزدگی کی وجہ سے اس کا ایک حصہ متاثر ہوا ۔ جس کو مقامی لوگوں نے دوبارہ تعمیر کیا ۔ یاد رہے اس وقت لکڑی کاٹنے کی مشین آری وغیرہ نہیں تھے ۔ مقامی لوگو ں نے اسے کلہاڑیوں کی مدد سے تعمیر کیا اور کلہاڑیوں سے ہی لکڑیوں پہ ایسے نقش و نگار بنائے کہ آج کے مشینی دور کا انسان حیران ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ لکڑی کے تختوں پر کندہ کاری سے بنائے گئے ان نقش و نگار میں گول نما دائرہ یا سرکل سر فہرست ہے۔ یہ گول دائرہ یا سرکل نورستان کونڑ سے لے کر دیر، سوات، چترال، اباسین کوہستان سمیت آگے گلگت بلتستان اور پامیر کے علاقوں میں بھی قدیم عمارتوں، قبروں اور پتھروں پر پایا جاتا ہے۔ عام طور پر یہ خیال پایا جاتا ہے کہ اس مسجد کو تھل کے لوگوں نے بنایا ہے لیکن یہ غلط ہے۔ اس مسجد کی تعمیر میں تھل، کلکوٹ اور کینور لام (لاموتی) کے لوگوں سمیت کوہستان دیر کے دوسرے گاوں دیہاتوں نے بھی حصہ لیا ہے۔ مسجد کے اندر تین بڑے شہتیر لگے ہوئے ہیں جن میں سے ایک تھل کے لوگوں نے لگایا ہے جبکہ باقی دو کینور لام اور کلکوٹ کے لوگوں نے لگائے ہیں۔ ان شہتیروں کو جنگل سے تھل تک پہنچانے اور پھر مسجد کے چھت پر لگانے میں کئی افراد شہید اور کئی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ماضی قریب تک یہ مسجد بالائی پنجکوڑہ میں آباد داردیک قبائل کے لیے جرگہ ہال بھی ہوا کرتا تھا۔ مقامی سفید ریش بزرگ یہاں جمع ہوکر مقامی قبائل کے درمیان پیدا ہونے والے تنازعات حل کرتے اور علاقے میں امن و امان کو برقرار رکھنے کی کوشش کرتے جسے مقامی زبان میں لامو آمن کہا جاتا ہے۔ دریائے پنجکوڑہ کے کنارے واقع قدیم داردیک تہذیب کے اس شاندار نمونے کو دیکھنے کے لئے ہر سال ہزاروں لوگ یہاں آتے ہیں۔ مسجد کے اندر فوٹو لینے یا خواتین کی داخلے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔کوئی بھی شخص چاہئے وہ کوئی بھی ہو اندر داخل ہوکر مسجد کو دیکھنے کے ساتھ ساتھ تصاویر بھی لے سکتا ہے۔۔
گمنام کوہستانی ۔
وادی کمراٹ کی سیر اس مسجد کے سیر کے بغیر ادھوری ہے
جامع مسجد کی چند تصاویر
![]() |
| لکڑی سے کئی گئی نقش ونگار |
![]() |
| لکڑی کے ستون اور شہتیر واضح ہیں |
![]() |
| لکڑی کا ستون جس پہ ہاتھ سے نقش ونگار کیا گیا ہے |
![]() |
| لکڑی سے تیار میں گیٹ |






No comments: