Header Ads

Breaking News
recent

رمضان کیسے گزاریں؟؟؟

 



بسم الله الرحمن الرحيم


اَلْحَمْدُ لِله رَبِّ الْعَالَمِيْن،وَالصَّلاۃ وَالسَّلام عَلَی النَّبِیِّ الْکَرِيم وَعَلیٰ آله وَاَصْحَابه اَجْمَعِيْن۔


       {رمضان کس طرح گزاریں


از قلم ✒..... شیخ الاسلام شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم العالیہ


🗒🖋نوٹ : اللہ سبحان تعالیٰ کا فرمان ہے یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا کُتِبَ عَلَیۡکُمُ الصِّیَامُ کَمَا کُتِبَ عَلَی الَّذِیۡنَ مِنۡ قَبۡلِکُمۡ لَعَلَّکُمۡ تَتَّقُوۡنَ (سورہ البقرۃ آیت نمبر:183)

ترجمہ : اے ایمان والو ! تم پر روزے فرض کر دیئے گئے ہیں جس طرح تم سے پہلے لوگوں پر فرض کئے گئے تھے، تاکہ تمہارے اندر تقوی پیدا ہو ! (آسان ترجمۂ قرآن)


⭐️تلاوت قرآن کریم کی کثرت کریں :/ بہر حال ! روزہ تو رکھنا ہی ہے اور تراویح تو پڑھنی ہی ہے اس کے علاوہ بھی جتنا وقت ہوسکے عبادات میں صرف کرو، مثلاً : تلاوت قرآن کریم کا اہتمام کرو کیونکہ اس رمضان کے مہینے کو قرآن کریم سے خاص مناسبت ہے اس لیے اس میں زیادہ سے زیادہ تلاوت کرو حضرت امام ابو حنیفہ رحمتہ اللہ علیہ رمضان المبارک میں روزانہ ایک قرآن کریم دن میں ختم کرتے تھے اور ایک قرآن کریم رات میں ختم کرتے تھے اور ایک قرآن کریم تراویح میں ختم فرماتے تھے اس طرح پورے رمضان میں اکسٹھ قرآن کریم ختم کیا کرتے تھے بڑے بڑے بزرگوں کے معمولات میں تلاوت قرآن کریم داخل رہی ہے، لہذا ہم بھی عام دنوں کی مقدار کے مقابلے میں تلاوت کی مقدار کو زیادہ کریں !


⭐️نوافل کی کثرت کریں :/ دوسرے ایام میں جن نوافل کو پڑھنے کی توفیق نہیں ہوتی ان کو رمضان المبارک میں پڑھنے کی کوشش کریں، مثلاً : تہجد کی نماز پڑھنے کی عام دنوں میں توفیق نہیں ہوتی لیکن رمضان المبارک میں رات کے آخری حصے میں سحری کھانے کے لیے تو اٹھنا ہوتا ہی ہے تھوڑی دیر پہلے اٹھ جائیں اور اسی وقت تہجد کی نماز پڑھ لیں، اس کے علاوہ اشراق کے نوافل ، چاشت کے نوافل ، اوابین کے نوافل عام ایام میں اگر نہیں پڑھے جاتے تو کم ازکم رمضان المبارک میں تو پڑھ لیں !


⭐️صدقات کی کثرت کریں :/ رمضان المبارک میں زکوة کے علاوہ نفلی صدقات بھی زیادہ سے زیادہ دینے کی کوشش کریں حدیث شریف میں آتا ہے کہ حضور اکرم ﷺ کی سخاوت کا دریا ویسے تو سارے سال ہی موجزن رہتا تھا لیکن رمضان المبارک میں آپ کی سخاوت ایسی ہوتی تھی جیسے جھونکیں مارتی ہوئی ہوائیں چلتی ہیں جو آپ کے پاس آیا اس کو نواز دیا، لہذا ہم بھی رمضان المبارک میں صدقات کی کثرت کریں !


⭐️ذکر اللہ کی کثرت کریں :/ اس کے علاوہ چلتے پھرتے، اٹھتے بیٹھتے اللہ تعالی کا ذکر کثرت سے کریں ہاتھوں سے کام کرتے رہیں اور زبان پر اللہ تعالی کا ذکر جاری رہے، سبحان اللہ ، والحمد للہ ، ولا الہ الا للہ واللہ اکبر ، سبحان اللہ وبحمدہ سبحان اللہ العظیم ، لاحول ولا القوة الا باللہ العلی العظیم ان کے علاوہ درود شریف اور استغفار کی کثرت کریں اور ان علاوہ جو ذکر بھی زبان پر آجائے بس چلتے پھرتے، اٹھتے بیٹھتے، اللہ تعالی کا ذکر کرتے رہیں !

⭐️گناہوں سے بچنے کا اہتمام کریں :/ اور رمضان المبارک میں خاص طور پر گناہوں سے اجتناب کریں اور اس سے بچنے کی فکر کریں یہ طے کرلیں کہ رمضان کے مہینے میں یہ آنکھ غلط جگہ پر نہیں اٹھے گی، انشاء اللہ ! یہ طے کرلیں کہ رمضان المبارک اس زبان سے غلط بات نہیں نکلے گی، انشاء اللہ ! جھوٹ ، غیبت یا کسی کی دل آزاری کا کوئی کلمہ نہیں نکلے گا، رمضان المبارک کے مہینے میں اس زبان پر تالا ڈال لو یہ کیا بات ہوئی کہ روزہ رکھ کر حلال چیزوں کے کھانے سے تو پرہیز کرلیا لیکن رمضان میں مردہ بھائی کا گوشت کھا رہے ہو اس لیے کہ غیبت کرنے کو قرآن کریم نے مردہ بھائی کے گوشت کھانے کے برابر قرار دیا ہے لہذا غیبت سے بچنے کا اہتمام کریں جھوٹ سے بچنے کا اہتمام کریں اور فضول کاموں سے فضول مجلسوں سے اور فضول باتوں سے بچنے کا اہتمام کریں، اس طرح رمضان کا مہینہ گزارا جائے !


⭐️دعا کی کثرت کریں :/ اس کے علاوہ اس مہینے میں اللہ تعالی کے حضور دعا کی خوب کثرت کریں رحمت کے دروازے کھلے ہوئے ہیں رحمت کی گھٹائیں جھوم جھوم کر برس رہی ہیں مغفرت کے بہانے ڈھونڈے جا رہے ہیں اللہ تعالی کی طرف سے آواز دی جا رہی ہے کہ ہے کوئی مجھ سے مانگنے والا جس کی دعائیں قبول کروں، لہذا صبح کا وقت ہو یا شام کا وقت ہو یا رات کا وقت ہو ہر وقت مانگو ! وہ تو یہ فرما رہے ہیں کہ افطار کے وقت مانگ لو ہم قبول کرلیں گے رات کو مانگ لو ہم قبول کرلیں گے آخر رات میں مانگ لو ہم قبول کرلیں گے اللہ تعالی نے اعلان فرما دیا ہے کہ ہر وقت تمہاری دعائیں قبول کرنے کے لیے دروازے کھلے ہوئے ہیں اس لیے خوب مانگو !

 

⭐️ہمارے حضرت ڈاکٹر صاحب رحمتہ اللہ علیہ فرمایا کرتے تھے کہ یہ مانگنے کا مہینہ ہے اس لیے ان کا معمول یہ تھا کہ رمضان المبارک میں عصر کی نماز کے بعد مغرب تک مسجد ہی میں بیٹھ جاتے تھے اور اس وقت کچھ تلاوت کر لی کچھ تسبیحات اور مناجات پڑھ لی اور اس کے بعد باقی سارا وقت افطار تک دعا میں گزارتے تھے اور خوب دعائیں کیا کرتے تھے اس لیے جتنا ہوسکے اللہ تعالی سے خوب دعائیں کرنے کا اہتمام کرو اپنے لیے، اپنے اعزہ اور احباب کے لیے، اپنے متعلقین کے لیے، اپنے ملک و ملت کے لیے، عالم اسلام کے لیے دعائیں مانگو، اللہ تعالی ضرور قبول فرمائیں گے !


⭐️آخر میں اللہ تعالی سے دعا ہیں :/ اللہ تعالی ہم سب کو اپنی رحمت سے ان باتوں پر عمل کرنے کی توفیق فرمائے اور اس رمضان کی قدر کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس کے اوقات کو صحیح طور پر خرچ کرنے کی توفیق عطا فرمائے ! آمین یا رب العالمین.... 

واٰخر دعوانا ان الحمد لله رب العالمين

تلاوت کلام پاک ،نوافل اور عبادات کے بعد اس گنہگار ناقل (رضوان احمدحقانی)اور  ہمارے بہترین رائٹر سید محمدعلی ناصر الدین شیرازی کو دعاؤں میں ضرور یاد کیجئے گا 

دوستو!  اگر آپ ہماری سیریز قرآن مجید اور جدید سائنس نامی مضمون پڑھنا چاہتے ہیں تو یہاں کلک کریں۔

دوستو یہ سیریز ہمارے اب تک تمام تحاریر سے منفرد اور مقبول ہے  اس کے علاوہ ہمیں ٹویٹر، فیس بک اور یوٹیوب پہ فالو کیجئے اگر آپ کو ہماری محنت اچھی لگی ہے تو!!!!  

رمضان کریم مسلمانوں کیلئے نیکیوں کا موسم بہار ہے 

رمضان ہر طرح سے منفرد واعلی مہینہ ہے 

احباب اپنی پسندیدگی کا اظہار کرنے کیلئے کمنٹ کریں ہمارے ویب سائٹ کی بہتری کیلئے آپ کی رائے کا احترام کیا جائے گا 

1 comment:

Powered by Blogger.